27 اپریل سے نادرا کے تمام دفاترز کھول دیے جائیں گے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

  • April 24, 2020, 7:25 pm
  • National News
  • 174 Views

احساس پروگرام کی چیئرمین پرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ 27 اپریل سے نادرا کے تمام دفاترز کھول دیے جائیں گے، جن کے انگوٹھے کے نشان کا مسئلہ آرہا ہے وہ نادرا کے دفتر جا کر تصدیق کروائیں، اگر کسی کا شناختی کارڈ ایکسپائر ہوگیا ہے تب بھی پیسے وصول کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ احساس کیش پروگرام کے تحت 144 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی سطح کے بعد تمام ڈسٹرکٹ کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر فراہم کی گئی ہیں۔ سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی تفصیلات بھی اب ویب سائٹ سے دیکھی جا سکتی ہیں۔ شفافیت کے لحاظ سے یہ ایک تاریخی پروگرام ہے۔ احساس ایمرجنسی پروگرام میں شفافیت بہت اہم ہے۔
یہ پروگرام بالکل غیرسیاسی بنیاد پر چلایا جارہا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق تمام کام شفاف طریقے سے ہورہا ہے۔

تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہے کیونکہ یہ پیسا عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیٹیگری ون سے دسمبر میں 8 لاکھ 20 ہزار65 لوگ نکالے تھے۔ کیٹیگری ون میں سے 12 ہزار لوگ کل نکالے گئے ہیں۔ کیٹیگری 2 کورونا وائرس کے تناظر میں بنائی گئی ہے۔ کیٹیگری 2 میں پنجاب میں اب تک 8 لاکھ 72 ہزار لوگوں نے پیسے وصول کیے۔ انہوں نے کہا کہ کیش پروگرام میں کیٹیگری ون 80 فی صد مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی کیٹیگری ٹو چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 69 ارب روپے 57 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، کیش امداد کے لیے 14 کروڑ 64 لاکھ 2 ہزار 638 ایس ایم ایس موصول ہوئے، 48ملین ایسے شناختی کارڈ نمبر تھے جو ایک بار سے زائد ایس ایم ایس سے آئے، اضلاع کی طرف سے ایس ایم ایس پر شناختی کارڈ نمبر موصول ہوئے۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ کہ تاریخ والے میسج کا انتظار کریں اور پھر سینٹر جائیں۔ 27 اپریل سے نادرا کے تمام دفاترز کھول دیے جائیں گے۔ جن کے انگوٹھے کے نشان کا مسئلہ آرہا ہے وہ نادرا کے دفتر جا کر تصدیق کروائیں، اگر کسی کا شناختی کارڈ ایکسپائر ہوگیا ہے تب بھی پیسے وصول کیے جاسکتے ہیں۔