سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

  • April 23, 2020, 3:44 pm
  • COVID-19
  • 104 Views

کراچی: صوبہ سندھ میں آج کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا صورت حال سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج 298 نئے کیسز آئے ہیں، جس سے صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ کرونا کے باعث آج مزید 4 مریض انتقال کر گئے، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی جو ٹوٹل مریضوں کا 1.98 فی صد ہے، جب کہ سندھ میں کل 2934 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 1871 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، 640 مریض آئیسولیشن مراکز اور 423 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کے 298 کیسز، کراچی میں 202 اور 96 دیگر اضلاع میں ہیں۔ ضلع وسطی کراچی میں 29 نئے کیسز آئے، شرقی میں 25، ملیر میں 79، جنوبی کراچی میں 63 اور غربی میں 6 نئے کیسز آئے، سکھر 20، شہید بے نظیر آباد 8، لاڑکانہ 11، دادو 2، گھوٹکی اور سجاول میں ایک ایک کیسز سامنے آیا۔

ان کا کہنا تھا تبلیغی جماعت کے 5102 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، جن میں سے 764 مثبت آئے ہیں، 17 کا نتیجہ آنا باقی ہے، مجموعی کیسز میں تبلیغی جماعت کے 10 نئے کیسز شامل ہوئے ہیں۔