بلوچستان میں لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع، تمام پابندیاں برقرار

  • April 21, 2020, 12:27 pm
  • Breaking News
  • 267 Views

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں لاک ڈاون میں 5 مئی تک توسیع کردی گئی جس میں تمام پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاون میں توسیع آج دوپہر 12بجے سے 5 مئی دوپہر 12بجے تک کی گئی ہے اور اس دوران تمام پابندیاں بدستور جاری رہیں گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں عوامی مقامات پر 10یا 10سے زائد افراد کےاجتماع پر پابندی برقرار ہے جب کہ نجی اور سرکاری مقامات پر ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔

اس کے علاوہ درباروں، درگاہوں سمیت تمام مقامات پر اجتماعات پر بھی پابندی برقرار ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر، بین الاضلاعی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہےگی جب کہ خاتون یا معمرافراد کےعلاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور کار میں 2 افراد سے زائد کی سواری پر بھی پابندی رہےگی البتہ بیمار شخص کی صورت میں کار میں تیسرے شخص کی سواری کی اجازت ہوگی۔

بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے، دفاتر، کوچنگ سینٹرز اور مدارس 31 مئی تک بند رہیں گے جب کہ شاپنگ مالز، سنیما، فارم ہاؤسز، پکنک پوائنٹس، شادی ہالز، لان، جم،کلب سمیت کھیلوں کے میدان، تربیتی مراکز، ہوٹلز، بیوٹی پارلرز، شورومز، لگژری سامان کے اسٹور بھی بند رہیں گے۔

لاک ڈاؤن میں صرف صحت، خوراک اورفوڈ پیکنگ کے شعبے سے منسلک افراد پابندی سے مستثنی ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق 3 فٹ سے زائد فاصلہ برقرار رکھنے پر بھی سختی سےعملدرآمد ہوگا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کسیز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اب تک بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 465 ہے جب کہ 6 مریض بھی انتقال کر گئے ہیں۔