ٹڈی دل کے تدارک کیلئے قومی ایکشن پلان کے تحت اقدامات جاری ہیں،زمرک اچکزئی

  • April 21, 2020, 12:13 am
  • National News
  • 108 Views

ٹڈی دل کے تدارک کیلئے قومی ایکشن پلان کے تحت اقدامات جاری ہیں،زمرک اچکزئی
محکمہ زراعت میںاصلاحات کاعمل جاری ہے ،جلدمحکمہ اپنے پائوں پرکھڑاہوگا
کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے حملوں کے تدارک کے لئے صوبائی حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت مربوط انداز میں تمام اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے، حکومت زمینداروں کے ساتھ کھڑی ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں اسپرے اور دیگر اقدامات جاری ہے، ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے تعینات تمام ٹیمیں اپنے استعدادکار اور افرادی قوت کو مزید بڑھاہیں، حکومت اس سلسلے میں انہیں ہرممکن تعاون اور وسائل فراہم کریگی،محکمہ زراعت میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جلد محکمہ اپنے پاؤ ں پر کھڑا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزمحکمہ زراعت رانی باغ میں صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈاریکٹرز کی جانب سے ٹڈی دل کے حملوں کے پیش نظر اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، صوبائی سیکرٹری زراعت قمبر دشتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایکسٹینشن مسعود احمد نے اجلاس کو صوبے بھر میں جاری ٹڈی دل کے تدارک کے لئے محکمہ زراعت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، ٹیموں کو درپیش مشکلات اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ محکمہ زراعت کی تمام اضلاع میں ٹیمیں پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سروے اور اسپرے کر رہی ہیں، تاہم اس سلسلے میں مختلف اضلاع میں کام کرنے والی ٹیموں کو گاڑیوں، اسپرے مشین اور دیگر وسائل کی کمی کا سامنا ہے جس کے باوجود اسپرے کا عمل جاری ہے اور صوبے کے تمام اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس مرتب کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں دیگر اضلاع سے آئے ہوئے ڈپٹی ڈاریکٹرز نے بھی اجلاس کو اپنے متعلقہ اضلاع کی صورتحال سے متعلق بریفینگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے محکمہ زراعت اور مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران اس سلسلے میں اقدامات کو مزید بہتراور فعال بنائے تاکہ ٹڈی دل کے حملوں کو زیادہ بڑھنے سے روکا جاسکے۔