موجودہ حالات میں ہر شہری کوسول ڈیفنس کی تربیت سے بہرہ مند ہونا چاہیے ،صوبائی وزیر داخلہ

  • April 18, 2020, 12:13 am
  • National News
  • 113 Views

محکمہ شہری دفاع کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر سے متعلق کردار ادا کرے، میرضیاء لانگو
موجودہ حالات میں ہر شہری کوسول ڈیفنس کی تربیت سے بہرہ مند ہونا چاہیے ،صوبائی وزیر داخلہ
کوئٹہ (خ ن )صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ محکمہ شہری دفاع کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر سے متعلق عوامی آگاہی میں اپنا کردار ادا کرے، موجودہ حالات میں ہر شہری کوسول ڈیفنس کی تربیت سے بہرہ مند ہونا چاہیے شہری دفاع لوگوں میں آگاہی مہم کے ذریعے وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتا ہے، شہری دفاع دوران جنگ یا امن میں قوم کی قوت اور صلاحیت بہتر بنانے کے لیے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، ان خیالات کا اظہارِ انہوں نے ڈویژنل آفس سول ڈیفنس کوئٹہ کے آفس کے دور ے کے موقع پر کرونا وائرس آگاہی مہم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈویژنل ہیڈ سول ڈیفنس بلوچستان کوئٹہ کے شہباز حسین و دیگر افسران موجود تھے جنہوں نے کرونا وائرس سے متعلق مختلف آگاہی مہمات سے متعلق صوبائی وزیر کو تفصیلاً آگاہ کیا،صوبائی وزیر داخلہ کا اس سلسلے میں مزید کہنا تھا کہ شہری دفا ع کے اہلکاران کا عوام الناس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام کیلئے آگاہی مہمات کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے یقینا عوام کو اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے معلومات حاصل ہوں گی جس پر عمل کرکے لوگ وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس ضمن میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور وائرس کے تدارک میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔