عوام کی بھرپور تعاون سے جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے، زمرک اچکزئی

  • April 16, 2020, 11:53 pm
  • National News
  • 478 Views

عوام کی بھرپور تعاون سے جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے، زمرک اچکزئی
پشین(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وباء کی شکل اختیار کر چکا ہے اس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر عوام کے مال وجان کے فوری اور بروقت تحفظ کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، عوام کی بھرپور تعاون سے جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے، ہمیں کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے عرضی لاک ڈاؤن کے نفاذ اور احتیاطی تدابیر سے کورونا کو جڑ سے ختم کیا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشین کے دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور کیڈیٹ کالج پشین میں قائم قرنطینہ سینٹر میں کورونا سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ریسٹ ہاؤس پشین میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویڑن عثمان علی خان ،ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری ، ایس پی محمد ایوب اچکزئی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشین امین اللہ ناصر، اسسٹنٹ کمشنر حضرت ولی کاکڑ ، ایس ڈی پی او عبداللہ خان مندوخیل ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سید عبدالحنان آغا، ایس ایچ او چوہدری ادریس اور دیگر آفیسران انکے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ لاک ڈاؤن صرف کوئٹہ اور پشین میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہے حکومت نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب عوام کیلئے راشن پیکج کا اعلان کیا ہے جسکی باقاعدہ تقسیم کا عمل بھی شروع کردیا گیا ڈسٹرکٹ پشین کے تقریباً چھ سے آٹھ ہزار مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے یہ سلسلہ صوبے کے تمام اضلاع میں جاری ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے جس کا مقابلہ صبر، حوصلے اور حفاظتی تدابیرکی مکمل پاسداری سے مربوط ہے، حکومت کو عوامی مشکلات کا مکمل ادراک ہے، انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پشین کے دورے کا مقصد کورونا کے حوالے سے قرنطینہ سینٹر اور آئیسولیشن وارڈ میں انتظامات کا جائزہ لینا ہے کورونا وائرس کب ختم ہوگا کوئی نہیں بتاسکتا البتہ سوشل ڈسٹینس اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے سے اس عالمی مرض کو ختم کیا جاسکتا ہے خدانخواستہ اگر تاجر برادری لاپرواہی کرتی ہے تو کیس سامنے آنے کے خدشات میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں، عوام کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت اور خوراک کا خیال رکھیں زندگی ایک بار ملتی ہے احتیاط کرنے سے انسان بہترین زندگی گزار سکتا ہے ہمیں گورنمنٹ کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔