ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5988 ہوگئی، 107 افراد جاں بحق

  • April 15, 2020, 10:41 pm
  • COVID-19
  • 128 Views

اسلام آباد: ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5988 ہوگئی جب کہ 107 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3280 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 272 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہزار 988 ہوگئی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 11 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 107 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پنجاب میں کورونا کے مریض سب سے زیادہ

اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض پنجاب میں ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 2945 ہے۔ سندھ 1518، خیبرپختونخوا 865، بلوچستان میں 240، گلگت بلتستان 234، اسلام آباد 140 اور آزاد کشمیر میں 46 کیسز رپورٹ ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ جانی نقصان

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے باعث سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا ہے جہاں 38 مریض اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ سندھ میں 35، پنجاب میں 28، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوگیا۔