’پاکستان میں کرونا کیسز دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں‘

  • April 15, 2020, 10:39 pm
  • COVID-19
  • 172 Views

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں، کیسز کم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ احتیاط چھوڑ دیں۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صنعتیں کھولنے کا مقصد یہ نہیں کہ بےاحتیاطی شروع کردی جائے، ہمارے تخمینوں کے مطابق پاکستان میں کرونا سے اموات کم ہیں، وزارت صحت ماہرین کے مشورے سے گائیڈلائن بناتا ہے، دکانوں پر اس بات پر زور دیا جائے کہ وہاں ہجوم نہ لگے۔

انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کے مطابق سماجی فاصلے ہر صورت رکھنے ہیں، وزارت صحت کی جانب سے تمام گائیڈلائنز ویب سائٹ پر موجود ہیں خریداروں اور ورکرز کی صحت کا خیال بھی رکھنا ضروری ہے، خریداروں اور ورکرز کو بغیر اسکریننگ داخل نہ ہونےدیں، دونوں کے درمیان فاصلے کو یقینی رکھیں۔

معاون خصوصی نے زور دیا کہ احتیاطی تدابیر کے لیے دکاندار یاکارخانوں کے مالکان کی ذمہ داری زیادہ ہے، صنعتیں اس لیے کھولی جارہی ہیں کہ لوگوں کو روزگار ملے، خریداروں اور ورکرز کی صحت کا خیال بھی رکھنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خریداروں اور ورکرز کو بغیر اسکریننگ داخل نہ ہونے دیں، پاکستان میں 1500افراد کروناوائرس سےصحت یاب ہوچکے ہیں، ملک کے مختلف اسپتالوں میں 44افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں، صنعتیں کھولنے کا مقصدیہ نہیں کہ بداحتیاطی شروع کردی جائے، حالات کنٹرول میں ہیں لیکن یہ مطلب نہیں کہ احتیاط کرناچھوڑ دیں۔