متاثرین کرونا کی خدمت ہمارا فریضہ ہے ،نصراللہ زیرے

  • April 15, 2020, 12:27 am
  • Breaking News
  • 192 Views

متاثرین کرونا کی خدمت ہمارا فریضہ ہے ،نصراللہ زیرے
کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے متاثرین کی خدمت ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فریضہ تھا پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی کی ہدایت کی روشنی میں پارٹی کے کارکنوں نے جس جوش وجذبے سے متاثرین کی مدد کی وہ قابل تحسین عمل ہے ، اس وباء سے نمٹنے کیلئے مزید احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے ، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں لاپرواہی نہ کریں، پارٹی کو اپنے دور حکومت کے عوامی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر فخر ہے جس سے آج تمام عوام استفادہ حاصل کررہے ہیں ، موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہر شعبہ زندگی سمیت ہر قسم کے حالات سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کیلئے مزید مسائل ومشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی تختانی بائی پاس کے علاقائی یونٹ کے توسیع اجلاس ، تختانی بائی پاس گیس روڈ پر حاجی دلاور خان کی رہائش گاہ پرمنعقدہ عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیر محمد خان ، حاجی رحمت اللہ بادیزئی، حمد اللہ بڑیچ، نعیم خان اچکزئی اور ولی خان توخئی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے اپنے فنڈز سے حلقہ پی بی31 کے کلی شموزئی ،سریاب، خلجی کالونی ، موسیٰ کالونی میں جاری عوامی فلاح وبہبود کے ترقیاتی اسکیمات کا پارٹی کے علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی، حاجی ارسلاں خان خلجی ، اکرم کاکڑ،حاجی نور گل سلیمانخیل،حاجی عبدالسلام بڑیچ،عبدالظاہر بڑیچ ایڈووکیٹ ا وردیگر رہنمائوں کے ہمراہ معائنہ کیا ۔رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہر وقت اپنے عوام کے مسائل کی نشاندہی اور اس کے حل کیلئے آواز بلندکی ہے ۔ پارٹی ہر قسم کے حالات میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اگر چہ وہ قدرتی آفات ہو یا کوئی بھی مشکل صورتحال ہو پارٹی نے ضلع ، تحصیل ، دیہات اور گلی محلے کی سطح پر گھر گھر حالات سے نمٹنے کیلئے اپنے عوام کی رہنمائی کی اور بالخصوص مستحقین ،متاثرین کی بحالی زندگی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیئے ہیں ۔ آج بھی کرونا وائرس جو کہ ایک عالمی وباء ہے دنیا بھر کے 200سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہیں اورہمارے صوبے میں بھی موجودہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پھیلی ۔