مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے حکومت کے21اپریل لاک ڈاون کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

  • April 15, 2020, 12:26 am
  • Breaking News
  • 430 Views


مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے حکومت کے21اپریل لاک ڈاون کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آج سے ٹیلرنگ، کھجور،ڈرائی فروٹ،زرعی شعبے کے کاروبارسے وابستہ دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا،،وفاقی حکومت کی طرف سے 30اپریل تک لاک ڈاون کی حمایت نہیں کرتے،جس شخص نے بدھ سے دکانیں کھولنے کا اعلان کیا ہے اسکا مرکزی انجمن تاجران سے کوئی تعلق نہیں ہے،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ کی پریس کانفرنس
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے حکومت کے21اپریل لاک ڈاون کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ٹیلرنگ، کھجور،ڈرائی فروٹ،زرعی شعبے کے کاروبارسے وابستہ دکانیں کھولنے اور ہوٹل والوں کو صرف پارسل کے ذریعے چائے اور کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی ہے 19اپریل کو حکومت اور تاجروں کے مشترکہ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریںگے،وفاقی حکومت کی طرف سے 30اپریل تک لاک ڈاون کی حمایت نہیں کرتے،جس شخص نے بدھ سے دکانیں کھولنے کا اعلان کیا ہے اسکا مرکزی انجمن تاجران سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔یہ بات مرکزی انجمن تاجران کے صدررحیم کاکڑ،حضرت علی اچکزئی ، سیدقیوم آغا،یاسین مینگل ، ہزارگنجی کے صدرسید عبدالخالق آغا،ڈاکٹر ہارون، حاجی ظفر کاکڑ،حاجی عبیداللہ،سید تاج آغا،قاری عبیداللہ درانی نے منگل کی شام مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔رحیم کاکڑ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 21مارچ سے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی مکمل لاک ڈاون ہے جس نے تاجرو ں اور عوام کو نفسیاتی مریض بنادیا ہے اور دوسری طرف چھوٹے بڑے تاجر اورمختلف شعبون سے تعلق رکھنے والے افرادفاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے پہلے دن سے لاک ڈاون پر اپنے تحفظات کااظہار کیا تھا اور مسلسل حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کر رہے تھے اور گزشتہ 4روز کے دوران تاجروں نے صوبائی حکومت کے ساتھ 4اجلاس کئے جس میں ہم نے حکومتی کمیٹی کو اپنی مشکلات اورتکالیف سے آگاہ کیا حکومتی کمیٹی کے سربراہ و اے این پی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی ، صوبائی وزیر ریونیو سلیم کھوسہ ،کمشنر کوئٹہ محمد عثمان نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور سیکورٹی اداروں کے سربراہان اور ذمہ داروں سے اپنے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے ہمیں آگاہ کیااور ہمیں اعتماد میں لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہماری تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے تاجروں کو بلاسود چھوٹے بڑے قرضے دینے اور دکانوں میں مقیم لیبر کو 10دن کا راشن فوری طور پر تاجر رہنماوں کے ذریعے فراہم کرنے کااعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے مرحلے میں ٹیلرنگ، کھجور،ڈرائی فروٹ کا کاروبار کرنے اور ہوٹل والوں کو صرف پارسل کے ذریعے چائے اور کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی ہے جبکہ دیگرکاروبار مرحلہ وار کھولیں گے اورہمیں یقین دلایا ہے کہ بجلی اور گیس کے 3ماہ کے بل معاف کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے حکومت کے 21اپریل تک غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور 19اپریل کودوبارہ حکومتی کمیٹی اور تاجروں کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس شخص نے بدھ سے دکانیں کھولنے کا اعلان کیا ہے اسکا مرکزی انجمن تاجران سے کوئی تعلق نہیں ہے اس نے ذاتی حیثیت میں اعلان کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کی طرف سے 30اپریل تک لاک ڈاون کی حمایت نہیں کرتے۔