احتیاطی تدابیر کیساتھ مرحلہ وار کاروبار کھولنے کے حق میں ہیں،جماعت اسلامی

  • April 15, 2020, 12:12 am
  • COVID-19
  • 103 Views

احتیاطی تدابیر کیساتھ مرحلہ وار کاروبار کھولنے کے حق میں ہیں،جماعت اسلامی
ہر حوالے سے حکومتی کارکردگی مایوس کن ،اب بھی بدعنوان عناصر قوم پر مسلط ہیں
کوئٹہ(پ ر)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مرحلہ وار کاروبار کھولنے کے حق میں ہے تاجرحکومتی گائیڈلائن کے مطابق کاروبار کریں ۔کرونا وائرس فنڈ زکرپشن کی نظرہورہا ہے یوٹیلٹی اسٹورزپرچینی ،گھی ،دال،آٹااورچائے پتی پر خصوصی سبسڈی دی جائے بلوچستان کے مستحق افراد کو خاص پیکیج دینے کی ضرورت ہے ۔ متاثرہ چھوٹے تاجرز،نجی تعلیمی اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کریں ہر حوالے سے حکومتی کارکردگی مایوس کن ،اب بھی بدعنوان عناصر قوم پر مسلط ہیں ۔دکانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو حکومت راشن فراہم کرے مکانوں دکانوں کے مالکان احسان کرتے ہوئے غریبوں کے دوماہ کے کرائے معاف کردیں ۔انہوں نے کہاکہ مستحقین کو امداد دیتے ہوئے عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے مستحق لوگوں کی مدد کرنا حکومت کا فرض ہے حکومت امداد دیکر کسی پر احسان نہیں کر رہی ۔ حکمرانوں کو لوگوں کی عزت نفس سے کھیلنے کا کوئی حق نہیں ۔ حکومت امدادی رقوم تقسیم کرنے کے انتظامات کو بہتربناکر حقیقی مستحقین کو باعزت طریقے سے امداد دے مستحق خواتین پر تشدد کے واقعات حکومتی بدنظمی وبے احتیاطی کو ظاہر کررہے ہیں حکومت نے اس موقع پر بھی بلوچستان کے مستحق عوام کو ریلیف نہ دیا اور مستحقین کی امداد میں ناکام رہی تو اس سے بڑا کوئی ظلم نہیںہوگا ۔ ینگ ڈاکٹرزایک ماہ سے احتجاج کررہے تھے کہ ان کا تحفظ کیا جائے اور انہیں حفاظتی لباس اور کٹس مہیا کی جائیں مگر حکومت مسلسل ٹال مٹول کرتی رہی اور چین سے آنے والا حفاظتی سامان بھی مناسب طریقے سے تقسیم نہیں کر سکی ۔ حکومت دعوے کرتی رہی کہ حفاظتی سامان طبی عملے کو فراہم کردیا گیا مگر درجنوں ڈاکٹرز کے کورونا میں مبتلا ہونے کے انکشاف نے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی ۔ اگر فوری طو ر پر ڈاکٹروں کی حفاظت کے فول پروف انتظامات نہ کیے گئے اور حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو صحت کا پورا نظام بیٹھ جائے گا اور کورونا کے مرض کے ساتھ ساتھ دوسرے امراض کا علاج بھی مشکل ہو جائے گا ۔