فیس ماسک کے استعمال کا مذاق اڑانے والا مشہور ٹک ٹاک اسٹار خود بھی کرونا وائرس کا شکار بن گیا

  • April 14, 2020, 10:53 pm
  • COVID-19
  • 142 Views

فیس ماسک کے استعمال کا مذاق اڑانے والا مشہور ٹک ٹاک اسٹار خود بھی کرونا وائرس کا شکار بن گیا، بھارتی ریاست مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والا نوجوان اسٹار سمیر اپنے ضلع میں وائرس کا شکار ہونے والے پہلا شخص ہے، پولیس نے موبائل فون قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔
اب تک دنیا کے تقریباً تمام ہی ممالک کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ دنیا میں کرونا وائرس کے باعث سوا لاکھ کے قریب افراد ہلاک ہو چکے، جبکہ 20 لاکھ کے قریب متاثر ہوئے ہیں۔ اسی باعث دنیا کے بیشتر ممالک اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہیں، ہر جانب خوف کی فضاء ہے۔ تاہم ان حالات میں بھی کچھ لوگ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے سے گریز نہیں کر رہے۔
بھارت کی ریاست مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والا مشہور ٹک ٹاک اسٹار سمیر بھی ایسے ہی غیر سنجیدہ لوگوں میں شامل ہے۔ سمیر نے کچھ روز قبل ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں اس کی جانب سے فیس ماسک کے استعمال کا مذاق بنایا گیا تھا۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ سمیر خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گیا۔ سمیر اس وقت ایک ہسپتال میں داخل ہے، جبکہ پولیس نے ٹک ٹاک اسٹار کو موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے۔
سمیر اپنے ضلع میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والا واحد شخص ہے۔ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد بھی سمیر نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے سے گریز نہیں کیا، ویڈیو بنا کر لوگوں سے اس کی صحتیابی کی دعا کی اپیل کی جبکہ دیگر ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بناتا رہا، جس کے بعد پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ہسپتال پہنچ کر ٹک ٹاک اسٹار سے موبائل فون لے لیا۔ پولیس کے مطابق کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کو ہسپتالوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔