کرونا وائرس کو شکست والے پاکستانیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا

  • April 14, 2020, 10:41 pm
  • COVID-19
  • 151 Views

کرونا وائرس کو شکست والے پاکستانیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، منگل کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ 1376 مریض صحتیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جہاں پاکستان میں کرونا وائرس کی کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، وہیں کرونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ منگل 14 اپریل تک پاکستان میں زیر علاج 1376 کرونا مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔ خاص کر پنجاب میں زیر علاج مریضوں کی ریکوری میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ آج ملک میں 3ہزار 157 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 342 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5837 ہو گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 2881، سندھ میں 1،518 ، خیبر پختونخوا میں 800 ، بلوچستان میں 231 ، گلگت بلتستان میں 233 ، اسلام آباد میں 131 ، اور آزاد جموں و کشمیر میں 43 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے متاثرہ 96 افراد جان کی بازی بھی ہار چکے۔ اس تمام صورتحال کے حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ آج تک کیسز کا تخمینہ 18ہزار اور اموات کا 191 تھا، اللہ کا شکر ہے کہ آج 14اپریل تک ہمارے کیسز کی تعداد 5716 اور اموات 96 ہوئی ہیں، عالمی سطح پر شرح اموات 6.2 فیصد اور پاکستان میں 1.7فیصد ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث وفاقی کابینہ نے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔قبل ازیں ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے پر قومی رابطہ کمیٹی کا اتفاق ہو ا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن کے کی تجویز کو زیر بحث لایا گیا جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی نے مزید کئی روز تک لاک ڈاؤن میں توسیع دینے کی تجویز پر اتفاق کیا۔