بھارتی باشندے نے کورونا وائرس کی سواری بنالی

  • April 11, 2020, 11:22 pm
  • COVID-19
  • 168 Views

حیدرآباد دکن: بھارت میں ایک شخص نے اپنی موٹر سائیکل کو کورونا وائرس کی شکل دے دی تاکہ عوام میں اس وبا کا شعور پہنچایا جاسکے۔

بھارتی شخص نے موٹر سائیکل انجن میں تبدیلی کرکے اس کے اوپر کورونا وائرس کی شکل کا ایک خول نما ڈھانچہ بنایا ہے اور اس طرح یہ ایک کار کی شکل کا چلتا پھرتا کورونا وائرس دکھائی دیتا ہے۔
حیدرآباد کے رہائشی سدھاکر یادیو نے یہ سواری عوامی شعور کے لیے بنائی ہے تاکہ لوگوں کو اس ہول ناک وائرس سے خبردار کیا جاسکے۔ بھارت کے کئی علاقوں میں عین پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح لوگ کورونا وائرس پر لاک ڈاؤن کے باوجود سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے ۔
سدھاکر نے اندرونی طور پر موٹرسائیکل کو تبدیل کیا ہے اور گاڑی کی نشست لگائی ہے جس سے یہ ایک سیٹ والی کار بن چکی ہے۔ اس کے اوپر گول دائرے کی شکل کا خول چڑھایا گیا ہے جو فائبر گلاس سے بنایا گیا ہے اور اس پر شوخ سبز رنگ کیا گیا ہے۔ اس کے اوپر وائرس کے سرخ ابھار رکھے گئے ہیں۔
سدھاکر یادیو اپنی کار کو باہر لے جاتے ہیں تاکہ لوگوں میں اس وبا سے احتیاطی تدابیر کا شعور پہنچایا جاسکے اور یوں لوگ اس کا اثر بھی لے رہے ہیں لیکن انہیں شکوہ ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد اس وائرس سے بے خوف ہوچکی ہے جس کے بعد وہ اپنی کار کے ذریعے پیغام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پورے بھارت میں کورونا وائرس کی وبا روکنے کے لیے 21 روز کا لاک ڈاؤن جاری ہے۔