انتظار کی گھڑیاں ختم، طاہر شاہ نے اپنا نیا گانا ’’فرشتہ‘‘ریلیز کردیا

  • April 11, 2020, 11:22 pm
  • Entertainment News
  • 211 Views

’’آئی ٹو آئی‘‘ اور ’’اینجل‘‘ کے بعد گلوکار طاہر شاہ نے اپنا نیا گانا ’’فرشتہ‘‘ ریلیز کردیا۔

دنیا بھر میں پھیلے جان لیوا کورونا وائرس کے باعث ہر چہرے پر خوف جھلک رہا ہے۔ پاکستان میں بھی کورونا اور اس کے مہلک اثرات نے لوگوں کے چہروں سے مسکراہٹ چھین لی ہے تاہم اس بوجھل اور خوف کے ماحول میں طاہر شاہ کے نئے گانے ’’فرشتے‘‘ نے لوگوں کی چہروں پر مسکراہٹ لانے کا کام کیا ہے اور لوگ تھوڑی دیر کے لیے کورونا کا خوف بھلا کر طاہر شاہ کے ’’فرشتے‘‘ پر دلچسپ تبصرے اور مزاحیہ طنز کرنے میں مصروف ہیں۔

گلوکار طاہر شاہ نے کئی روز قبل سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی اپنا نیا گانا ریلیز کرنے والے ہیں۔ ان کے اس اعلان کے ساتھ ہی لوگوں میں بے چینی بڑھ گئی تھی کہ طاہر شاہ اب کیا نیا شاہکار لانے والے ہیں۔ تاہم لوگوں کو یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی کہ یہ تو 4 سال قبل ریلیز ہوئے گانے’’اینجل‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ اس کے باوجود یہ گانا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے اور یوٹیوب پر بھی ٹرینڈنگ میں ہے۔

طاہر شاہ نے گانا ریلیز کرنے سے قبل گانے سے متعلق ٹوئٹر پر لوگوں کو ویڈیو کا کانسیپٹ سمجھانے کی بھی کوشش کی اور لکھا بچے زمین کے فرشتے ہوتے ہیں۔ تاہم اس بار طاہر شاہ نے گانے کی ویڈیو میں خود اداکاری نہیں کی بلکہ یہ ایک اینیمٹڈ ویڈیو ہے جس میں ایک راجکمار اور پری کی محبت بھری کہانی دکھائی گئی ہے۔ ویڈیو میں راجکمار شاید طاہر شاہ خود ہی ہیں، طاہر شاہ نے ویڈیو میں پیغام بھی دیا ہے کہ انسان فرشتہ ہوتا ہے آپ سب فرشتوں کی طرح ہیں۔

طاہر شاہ کے دیگر گانوں کی طرح اس گانے پر بھی لوگ دلچسپ تبصرے اور مزاحیہ تنقید کررہے ہیں۔ سیاپا کڑی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا طاہر شاہ کو ’’اینجل‘‘ کا اردو ترجمہ کرنے میں 4 سال لگے۔