وزیراعظم کا یوٹرن، شہریار آفریدی کو نارکوٹکس کا قلمدان واپس دیدیا

  • April 10, 2020, 3:51 pm
  • National News
  • 143 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر یوٹرن لیتے ہوئے دو روز بعد ہی شہریار آفریدی کو نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان واپس دے دیا۔

شہریارآفریدی وزیر مملکت برائے سیفران ہیں جن سے وزیر اعظم عمران خان نے 8 اپریل کو نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی قلمدان واپس لے لیا تھا۔

تاہم اب وزیراعظم نے دو روز بعد ہی شہریار آفریدی کو نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی قلمدان واپس دے دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہریار آفریدی ایک بار پھر بطور وزیر مملکت نارکوٹکس کنٹرول خدمات انجام دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آٹا اور چینی بحران کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم نے ایکشن لیتے ہوئے جہانگیر ترین سے زراعت کے شعبے میں بہتری کا عہدہ واپس لے لیا تھا جب کہ خسرو بختیار کی اور حماد اظہر کی وزارتیں تبدیل اور رزاق داؤد سے 2 عہدے لے لیے تھے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کو وزارت صنعت کا قلمدان دیا گیا تھا جب کہ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی کو نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان دیا گیا تھا۔

اعظم سواتی کو انسداد منشیات کا قلمدان دینے کے لیے شہریار آفریدی سے نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔