پاکستان میں کورونا وائرس کے علاج کی جانب بڑی پیش رفت

  • April 10, 2020, 2:51 pm
  • COVID-19
  • 299 Views

اسلام آباد : ماہرامراض خون ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا ہے کہ پیر سے صحتیاب مریضوں کے پلازماکی کلیکشن شروع کریں گے، ابتدائی طورپر وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کیلئے پلازمااستعمال کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام پاورپلے میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرامراض خون ڈاکٹرطاہرشمسی نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف پلازماٹرانسفیوژن کی اجازت مل گئی ہے، ڈریپ کی جانب سے آج ہمیں باقاعدہ اجازت دی گئی ہے۔

ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پیر سے صحتیاب مریضوں کے پلازما کی کلیکشن شروع کریں گے ، ابتدائی طور پر انتہائی تشویشناک مریضوں کیلئے پلازما استعمال کریں گے، وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کیلئے پلازما استعمال کیا جائے گا۔

ماہرامراض خون نے مزید کہا کہ چین، امریکا، جرمنی ،اسپین ،اٹلی میں پلازما ٹرانسفیوژن ہورہا ہے۔

گذشتہ روز ماہرامراض خون ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا تھا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اس وقت ملک بھرمیں پچاس سےساٹھ افراد پلازما دینے کے قابل ہیں،ایک ایک پاکستانی کی جان بچانا ہمارامشن ہے۔

ماہر ڈاکٹر نے کہا تھا کوروناٹیسٹ منفی ہونے کے2ہفتے بعد صحت مند افراد کا پلازمہ لیاجاسکےگا، میری اطلاع کے مطابق 4سے7افراد پلازمہ دینے کیلئے تیار ہیں، پلازمہ نکالنے کاعمل صرف تصدیق شدہ میڈیکل ادارے کرسکتے ہیں اور پلازمہ صرف منظور شدہ آئسولیشن یونٹ کے مریضوں کو دیا جاسکےگا، پوری کوشش ہوگی کہ پلازمہ کے ذریعے لوگوں کی جانیں بچاسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پلازمہ لگانے کے48گھنٹےکےاندر مریضوں کی حالت بہتر ہونا شروع ہوتی ہے، پلازمہ لگانے کے 4سے5دن میں طبیعت بہتر ہوجائے گی، دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پلازمہ لگائے جارہےہیں، مشین کےذریعے صرف پلازمہ نکال کر خون دوبارہ جسم میں جاتارہےگا، پلازمہ لینے سے پہلے ضروری ہے صحت مند افرادکو کوئی اور بیماری نہ ہو۔