ترکی کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا اسلامی ملک بن گیا

  • April 10, 2020, 11:43 am
  • COVID-19
  • 188 Views

ترکی کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا اسلامی ملک بن گیا، ترکی میں کل ہلاکتیں 900 سے زائد جبکہ اب تک رپورٹ ہونے والے کل کیسز کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ترکی کی وزارت صحت کی طرف سے کہاہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مزید 4056 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 42ہزار 282 ہوگئی ہے جب کہ مزید 96 افراد کی ہلاکت کے بعد کرونا سے ترکی میں اب تک 908 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار میں بتایاگیاکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں کرونا کے مزید چار ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ ترک حکام کا کہنا تھا کہ کرونا کا شکار ہونے والے افراد کے موبائل فون کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ ان کے قرنطینہ اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر نظر رکھی جا سکے۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ترکی کرونا وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ اسلامی ملک بن گیا ہے۔ جبکہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا اسلامی ملک ایران ہے جہاں اب تک 66 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے اور 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز 15 لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں جبکہ کل اموات 94 ہزار سے زائد ہو چکیں۔ امریکا، اسپین، اٹلی، فرانس اور جرمنی کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 5 ممالک ہیں۔ دنیا کے 65 فیصد کیسز اور ہلاکتیں صرف ان 5 ممالک میں ہی رپورٹ ہوئی ہیں۔