ترکمانستان دنیا کا واحد اسلامی ملک جہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا

  • April 10, 2020, 11:39 am
  • COVID-19
  • 145 Views

ترکمانستان دنیا کا واحد اسلامی ملک جہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وسطی ایشیائی ملک کے دعویٰ کے مطابق وہاں ابھی تک کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ماہرین کے مطابق سنسرشپ کے لیے مشہور ترکمانستان حکومت حقائق چھپا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت کرونا وائرس کی عالمی وبا تقریباً دنیا کے ہر ملک کو ہی متاثر کر چکی ہے، تاہم بی بی سی اردو کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ترکمانستان ایک ایسا اسلامی ملک ہے جس کا دعویٰ ہے کہ وہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس نہیں ہے۔
اس حوالے سے بہت سے ماہرین میں تشویش پائی جاتی ہے کہ ترکمانستان کی حکومت شاید حقیقت کو چھپا رہی ہے اور اس سے بیماری کو ختم کرنے کی کوششیں متاثر ہوں گی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس ملک نے صحت سے جڑے مسائل کو چھپانے کی کوشش کی ہو، ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکمانستان سے ملنے والے صحت کے سرکاری اعدادوشمار انتہائی حد تک ناقابل اعتبار ہیں۔

اس ملک کے حکمراں پچھلی دہائی سے یہ دعویٰ کرتے آ رہے ہیں کہ ترکمانستان میں ایچ آئی وی یا ایڈز کا کوئی مریض نہیں بچا، جو کہ ناممکن ہے۔ 2000 کی دہائی میں ترکمانستان نے طاعون سمیت کئی وباؤں کے پھیلنے کے شواہد کو دبا دیا تھا۔ اس تمام صورتحال میں ترکمانستان میں لوگ یہ تک سوچنے سے گریزاں اور خوفزدہ ہیں کہ شاید وہاں کرونا وائرس پہلے ہی موجود ہو۔
بتایا گیا ہے کہ ایک طرف دنیا کرونا وائرس سے لڑ رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ ممالک اپنی آبادیوں کو لاک ڈاؤن کر رہے ہیں، وہیں منگل کو ترکمانستان میں عالمی یوم صحت کے موقع پر ایک بڑی سائیکلنگ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ بیشتر دنیا کے برعکس، ترکمانستان میں روزمرہ کی زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ کیفے اور ریسٹورنٹس کھلے ہیں۔ شادیوں کے لیے ہجوم جمع ہو رہے ہیں۔
کوئی بھی ماسک نہیں پہن رہا اور بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ ملک کورونا وائرس سے لاحق بڑے خطرے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے، اور یہ صورتحال اس ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز 15 لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں جبکہ کل اموات 94 ہزار سے زائد ہو چکیں۔ امریکا، اسپین، اٹلی، فرانس اور جرمنی کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 5 ممالک ہیں۔ دنیا کے 65 فیصد کیسز اور ہلاکتیں صرف ان 5 ممالک میں ہی رپورٹ ہوئی ہیں۔