پیمرا نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی موت کی جھوٹی خبر پر ڈان نیوز کو نوٹس بھیج دیا

  • April 8, 2020, 11:37 pm
  • National News
  • 175 Views

پیمرا نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی موت کی جھوٹی خبر پر ڈان نیوز کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈان نیوز نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے انتقال کی خبر چلادی تھی اور خبر میں حوالہ بی بی سی سے منسوب ایک جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد خبر پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی تھی اور اب پیمرا نے ڈان نیوز سے اس حوالے سے سات دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔
پیمرا نے جھوٹی خبر نشر کرنے پر ڈان نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کرکے سات دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈان نیوز کی اس خبر پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا، ڈان نیوز پر طنز کے تیر چلائے اور پیمرا سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق بورس جانسن کی طبعیت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کی حالت سنبھل گئی ہے ۔

برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اب عام آکسیجن کی مدد سے بحال ہو رہے ہیں اور بغیر کسی سپورٹ کے سانس لے سکتے ہیں۔ اب انہیں مشینی اور مصنوعی سانس کی ضرورت نہیں رہی اور ان کا نظام تنفس بہتر ہے۔ وزیر اعظم میں نمونیا کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کوروناوائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت دریافت کرنے کے لئے ان کے نام ایک خط لکھا ہے۔
خط میں بورس جانسن کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعاکی گئی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کوروناوائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت دریافت کرنے کے لئے ان کے نام ایک خط لکھا ہے۔ خط میں بورس جانسن کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعاکی گئی۔اس کے علاوہ کورونا وائرس کے خلاف برطانیہ کے ساتھ مل کر جنگ لڑنے پر زور دیا گیا ہے۔