عاطف اسلم کی آواز میں اذان سن کر ہندو مداح کی اسلام قبول کرنے کی خواہش

  • April 8, 2020, 12:14 am
  • Entertainment News
  • 327 Views

کراچی: گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں دی جانے والی اذان نے نہ صرف پاکستان اور دنیا بھر میں موجود مداحوں پر رقت طاری کی بلکہ ان کے غیر مسلم پرستاروں پر بھی سحر طاری کردیا۔

کورونا وائرس سے نجات پانے کے لیے گزشتہ کئی دنوں سے پاکستان میں مقررہ اوقات کے علاوہ بھی اذانیں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور خدا سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کی جارہی ہے۔ گلوکار عاطف اسلم نے بھی دو روز قبل سوشل میڈیا پر اذان کی ویڈیو شیئر کی۔ عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں دی جانے والی اذان نے سننے والوں پر رقت طاری کردی اور لوگوں نے انہیں بے حد سراہا۔

تاہم عاطف اسلم کو سراہنے والوں میں صرف ان کے مسلمان مداح ہی شامل نہیں تھے بلکہ سرحد پار سے غیر مسلم مداحوں نے بھی عاطف اسلم کی آواز میں دی جانے والی اذان کو سنا اور اس کی بے حد تعریف کی۔ یوٹیوب پر عاطف اسلم نے اذان کی ویڈیو کے ساتھ پیغام لکھا ’’اللہ سب سے بڑا ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدﷺ اللہ کے پیغمبر ہیں۔‘‘ یوٹیوب پر عاطف اسلم کی آواز میں اذان کو اب تک دنیا بھر سے لاکھوں لوگ سن چکے ہیں اور ہزاروں نے اس پر تبصرے کیے۔

انکیت پراجاپتی نامی ایک غیر مسلم مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا میں ہندو ہوں لیکن مجھے اسلام بہت پسند ہے اور میں اس مذہب میں داخل ہونا چاہتا ہوں۔ انکیت کے اس تبصرے کو لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے سراہا اور انہیں کھلے دماغ سے ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھنے کے مشورے دئیے۔