پاکستان میں پہلے ہزار کیسز 29 دن میں آئے، 4 ہزار مریض ہونے میں کتنا وقت لگا؟ پریشان کن تفصیلات سامنے آگئیں

  • April 7, 2020, 11:57 pm
  • COVID-19
  • 247 Views

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب یہ تعداد 4 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

منگل کے روز پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4 ہزار سے بڑھی تو سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کیسز کے دورانیے کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا، مریضوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچنے میں 29 روز لگے۔ پاکستان میں مریضوں کی تعداد 2 ہزار تک صرف 7 دن میں اور 3 ہزار تک صرف 5 روز میں پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا چوتھا ہزار ممکنہ طور پر صرف 3 روز میں مکمل ہوا۔ دیکھا جاسکتا ہے کہ معاملہ کتنا زیادہ خراب ہے، پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ بہت زیادہ دیر ہونے سے پہلے جاگ جائیں۔