کورونا وائرس آبادی کنٹرول کرنے کیلئے چھوڑا گیا ہے، عامر خان

  • April 7, 2020, 1:40 pm
  • COVID-19
  • 241 Views

برطانوی باکسر عامر خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس لیبارٹری میں بنایا گیا تاکہ اس کی مدد سے دنیا کی آبادی کو کنٹرول کیا جائے سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگ بہت سی بری چیزیں تیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کورونا وائرس چین سے نہیں آیا، یہ جھوٹ ہے اس لیے انہیں چمگادڑ اور سانپ کھانے پر الزام نہ دیں، یہ وائرس فائیو جی ٹاورز کی ٹیسٹنگ کے دوران خاص مقصد کیلئے چھوڑا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس تصور کا منبع امریکی ادارہ صحت کی وہ رپورٹ ہے جس میں کہا گیا کہ براعظم افریقا میں جہاں فائیو جی ٹیکنالوجی نہیں پہنچ سکی، اب تک کورونا سے محفوظ ہے۔ یاد رہے کہ دنیا کے درجنوں ممالک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد وقت سے جاری لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی اور 6 اپریل کی رات تک دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی۔
عالمی ادارہ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 6 اپریل تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ 9 ہزار 439 سے زائد ہوگئی تھی۔ جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہاں دنیا بھر میں اس سے ہلاکتیں بھی جاری ہیں اور 6 اپریل تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہزار 638 سے زائد ہو چکی تھی۔ عالمی میپ کے مطابق دنیا بھر میں بیمار ہونے والے مریضوں میں سے 6 اپریل تک 2 لاکھ 73 ہزار 546 افراد صحت یاب بھی ہوچکے تھے، جس میں سے سب سے زیادہ مریض چین میں 78 ہزار کے قریب صحت یاب ہوچکے تھے۔