پنجاب حکومت نےصوبہ بھر میں سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی

  • April 6, 2020, 12:39 pm
  • COVID-19
  • 105 Views

پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی، جس کے تحت حکومت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ لاک ڈاؤن کے باوجود رش دیکھنے میں آرہا ہے،کسی شخص یا تنظیم کو سماجی سرگرمی کیلئے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ریلیف کمشنر پنجاب نے صوبہ بھر میں سوشل سرگرمیوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے متن میں ہدایت کی گئی ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باوجود رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ لوگ سماجی فاصلے کی ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کررہے۔ کسی شخص یا تنظیم کو سماجی سرگرمی کیلئے پی ڈی ایم اے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ خلاف وزری کرنے والوں کو قوانین کے تحت سخت سزا دی جائے گی۔ اسی طرح ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ ناکوں اور دیگر مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کو کورونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں۔
پولیس ملازمین کو حفاظتی ماسک، گلوز اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا ہے۔ پولیس ملازمین کو شہریوں کے ساتھ پبلک ڈیلنگ کے دوران حفاظتی تدابیر پر مبنی ایس او پیز کی پابندی کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ شہریوں کو کورونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں لاہور پولیس بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔جزوی لاک ڈاون میں دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے لاہور پولیس کے اقدامات شہریوں کی اپنی زندگی کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہیں۔
شہری بھی کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔لاہور پولیس نے اتوار کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر شہر بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144کی پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید سخت کر دیئے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے بتایا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرلاہور کے مختلف تھانوں میں ابتک مجموعی طور پر1413 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔