کراچی میں کورونا سے مزید ایک اور ہلاکت کی تصدیق، تعداد 9 ہوگئی

  • April 1, 2020, 9:19 pm
  • COVID-19
  • 147 Views

کراچی : شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض زندگی کی بازی ہار گیا، وزیر صحت نے تصدیق کردی جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 9ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ میں کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ مریض کو دمہ اورسانس لینے میں تکلیف تھی،حال ہی میں سعودی عرب سے آیا تھا

وزیر صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے، شوگر اور سانس کے مرض میں مبتلا شخص کو گزشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق حیدرآباد میں کرونا کے 128 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 128 میں سے 116 افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے، متاثرہ افراد کو لیاقت میڈیکل ہیلتھ سائنسز میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آج کراچی میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے اس سے قبل بھی کرونا وائرس سے متاثر 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2039 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 27 تک پہنچ گئیں۔