عوام نے احتیاط نہ کی تو خدشہ ہے پاکستان میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار ہو جائے گی

  • April 1, 2020, 8:34 pm
  • COVID-19
  • 141 Views

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام نے احتیاط نہ کی تو خدشہ ہے پاکستان میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار ہو جائے گی، تمام صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے، کیسز رپورٹ ہونے کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو ایک ماہ کے دوران ملک میں کیسز کی تعداد 20 سے 25 ہزار کے درمیان ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر سے گریز نہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاو میں کمی کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ عوام کس حد تک احتیاط کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اندازہ یہ ہے کہ اگلے ایک ماہ تک پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 20 سے 25 ہزار تک ہو سکتی ہے، اس لیے ہم مریضوں کی اتنی تعداد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی تیاریاں کر چکے ہیں، تاہم اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو پھر پاکستان میں 25 اپریل تک کرونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے، اور اگر ایسا ہوا تو پھر اس وقت ہمارے پاس اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو طبی امداد دینے کیلئے سہولیات ناکافی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء ابھی مزید بڑھنی ہے، کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا۔ واضح رہے کہ بدھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے تازہ اعدادو شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 2071 ہوگئی۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 676 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 740 ہوگئی، کے پی کے میں 253 بلوچستان میں 158 اور گلگت بلستان میں 184 کیسز ہوگئے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں 54 اور آزاد کشمیر میں چھ کورونا وائرس کیسزہیں ،پاکستان میں کورونا سے متاثرہ 82 مریض صحتیاب ہیں ،پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا وائرس کے 1963 مریض زیر علاج ہیں۔