کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں اندازوں سے کم ہیں، ماہرین

  • March 31, 2020, 9:04 pm
  • COVID-19
  • 154 Views

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں تیزی سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اسپین اور ایران میں سیکڑوں ہلاکتوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 38 ہزار کے قریب جا پہنچی ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب اب تک کم از کم 7 لاکھ 55 ہزار افراد متاثر جبکہ 37 ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
تاہم اب ایک تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں اندازوں سے کم ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 38 ہزار کے قریب جا پہنچی ہے تاہم وبا سے ہلاکتیں ماضی میں کیے گئے اندازوں سے کہیں کم ہو رہی ہیں۔
دی لیکنٹ میں شائع تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ ہلاکتوں، متاثرہ افراد اور ان کے علاج و معالجے کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاکتیں ایک ماہ قبل لگائے گئے اندازوں سے کم ہو رہی ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں ماضی میں لگائے گئے اندازوں سے کم ہو رہی ہیں، تاہم اب بھی ان کی تعداد سیزنل انفلوئنزا سے ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اس وقت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 0.66 فیصد ہلاکتیں ہوں گی جو کہ ایک اعشاریہ سے بھی کم ہیں۔ ماضی میں امریکی ماہرین صحت سمیت دیگر افراد کہ چکے تھے کہ اندازے کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد میں سے 2 فیصد افراد موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔
ابتدائی طور پر ماہرین یہ کہتے سنائی دیتے تھے کہ کورونا وائرس کے 98 فیصد افراد صحت یاب ہوجاتے ہیں جب کہ دو فیصد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں، تاہم تحقیق سے پتہ چلا کہ ہلاکتوں کی تعداد ان اندازوں سے بہت کم ہے۔ واضح رہے کہ یہ تحقیق صرف کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کے اعداد و شمار پر کی گئی ہے، اس تحقیقات میں وہ ہلاکتیں شامل نہیں کی گئیں جو کورونا سمیت دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔