ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھر کے 10 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص

  • March 30, 2020, 10:55 pm
  • COVID-19
  • 152 Views

ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھر کے 10 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔ تفصیل کے مطابق ننکانہ صاحب میں ایک ہی خاندان کے 10افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جن افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے کہ ان میں سے 8افراد سعودی عرب سے واپس آئے تھے جبکہ 2افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔
وائرس تشخیص ہونے کے بعد تمام افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا شکار ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ انتقال کر جانے والے افراد کی کل تعداد 22 ہوگئی ہے۔ جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ ملک بھر سے اب تک 1690 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
اس حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر کرونا وائرس کے29 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے، مقامی لوگوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے، کل 1625 کیسز میں 857 ایران سے آنے والے زائرین اور 247 دیگر ممالک سے آئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 99 کورونا کیسز سامنے آئے، ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز کی تعداد گزشتہ روزسے کم ہیں۔ اسی طرح 5 اموات ہوئیں۔ جس کے ساتھ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 1690ہوگئی ہے۔ ابھی تک 21اموات ہوچکی ہیں۔ ہسپتالوں میں 783 میں سے 773 افراد کی حالت بہترہے جلد صحت یابی متوقع ہے۔ آنے والے دنوں میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
اسی طرح ہسپتالوں میں 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ صورتحال میں اس وقت ملک کے تمام صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت گلگلت بلتستان اور آزاد کشمیر لاک ڈاون کی حالت میں ہیں۔ ملک کی سرحدیں اور قومی شاہراہیں بھی بند کی جا چکیں، فلائٹ آپریشن بھی بند ہے۔ مساجد میں لوگوں کے باجماعت نماز کی ادائیگی پر، عوامی اجتماعات کے انعقاد اور مارکیٹوں کو کھولنے پر پابندی عائد ہے۔