دنیا کا وہ ملک جہاں اب تک کرونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا

  • March 28, 2020, 10:43 pm
  • COVID-19
  • 288 Views

دنیا کا وہ ملک جہاں اب تک کرونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، حیران کن طور پر شمالی کوریا اب تک وائرس سے مکمل طور پر محفوظ ہے، ماہرین کے مطابق کورین حکومت حقائق دنیا سے چھپا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 100 سال کے دوران پہلی عالمی وبا کرونا وائرس تقریباً دنیا کے بیشتر ممالک کو متاثر کر چکی ہے۔
تاہم شمالی کوریا ایک ایسا ملک ہے جہاں سے کرونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے ملک میں اب تک کرونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اس حوالے سے کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تو واقعی یہ دعویٰ حقیقت ہے، تو اس کی بڑی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ شمالی کوریا پوری دنیا سے کٹا ہوا ہے۔
شمالی کوریا بین الاقوامی دنیا کیساتھ آمد و رفت نہیں کرتا، شاید اسی لیے وہاں کرونا وائرس نہیں پھیلا۔ جبکہ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے چین کیساتھ اچھے تعلقات ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت بھی ہے، اس لیے اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ شمالی کوریا کرونا وائرس سے متاثر نہیں ہوا۔ چونکہ شمالی کوریا میں آمریت ہے اور اس کا میڈیا بھی سرکار کے کنٹرول میں ہے، اس لیے کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی بھی خبر دنیا کے سامنے آنے نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 199 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ سب سے زیادہ وائرس سے متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے جہاں پر مہلک وباء کا شکار افراد کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک 1700 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
اموات کے لحاظ سے اٹلی سب سے آگے ہے جہاں پر اب تک 9134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 86 ہزار سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہیں، اسی طرح زیادہ ہلاکتوں کے لحاظ سے اسپین دوسرے نمبر پر ہے جہاں پر مجموعی طور پر 5690 اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 72248 ہے، ایران میں مزید 139ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 2517 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔