کرونا وائرس: پختونخواہ کی یو سی منگا میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ

  • March 28, 2020, 12:39 pm
  • COVID-19
  • 140 Views

مردان: صوبہ خیبر پختونخواہ کی یو سی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہوگئی، 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پختونخواہ کے ضلع مردان کی یو سی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق یو سی منگا میں کرونا وائرس کے 60 کیس سامنے آچکے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ منگا سمیت مردان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔

یو سی منگا میں 25 مارچ کو کرونا وائرس کے 39 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد علاقے کو لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل یہاں پر کرونا وائرس سے ایک موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

25 ہزار آبادی والے اس علاقے کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے اور فوج سمیت سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔