پاک فضائیہ کا کورونا فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالنے کا اعلان

  • March 27, 2020, 8:40 pm
  • National News
  • 122 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ کا اعلان ہوتے ہی پاک فضائیہ نے امدادی فنڈ میں حصہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں عطیہ کریں گے جب کہ پاک فضائیہ کے تمام افراد اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئےایئر اسٹاف کی سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر کموڈور، ایئر وائس مارشل اور ائیرمارشل افسران 3 دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے جب کہ پائلٹ آفیسر رینک سےگروپ کیپٹن تک 2 دن کی تنخواہ فنڈ میں دیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرمین اور سویلین عملہ ایک دن کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ صوبوں کی سطح پر بھی الگ الگ ریلیف فنڈز قائم کیے گئے ہیں۔

اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈمیں 2 کروڑ 56 لاکھ روپےجمع کروا دیئے ہیں۔