مساجد بند نہیں کررہے، نماز اور جمعہ کے اجتماع کو محدود کیا جائے گا، نور الحق قادری

  • March 26, 2020, 9:56 pm
  • COVID-19
  • 114 Views

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ مساجد کو بند نہیں کررہے، 5 وقت کی باجماعت نماز اور جمعہ کے اجتماع کو محدود کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وبا سے لڑنے کے لیے علمائے کرام کا کردار بھی اہم ہے، مدارس کی چھٹیاں کرائی گئیں، جو بھی کنوشنز تھے انہیں موخر کیا گیا۔

نور الحق قادری نے کہا کہ آج ایوان صدر میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے علمائے کرام کا اجلاس ہوا جس میں علما نے اتفاق کیا کہ حکومت کچھ تدابیر اپناتی ہے تو ہم تعاون کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ 50 سال کی عمر سے زائد لوگ اور بچے باجماعت نماز کے لیے نہیں آئیں گے، بیمار افراد بھی گھر پر نماز پڑھیں گے مساجد کا رخ نہیں کریں گے۔

وزیر مذبی امور نے کہا کہ جامعہ الازہر کا بھی فتویٰ آیا ہے، حرمین شریفین علمائے کرام کے فتوے بھی آئے ہیں، مسلم ممالک نے بڑے اجتماعات کے لیے مساجد کو بند کردیا ہے، مسجد نبوی میں باہر کی جگہ کو اور کربلا میں مزارات کو بند کردیا گیا ہے، نجف میں بھی مزارات کو بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت حج کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، سعودی حکام نے حج کے لیے ہوٹل، ٹرانسپورٹ کے معاہدوں کو فی الحال روک دیا ہے، خادم حرمین شریفین حج سے متعلق فیصلہ مشاورت سے کریں گے۔