کراچی میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کہاں ہوئے؟

  • March 25, 2020, 2:31 pm
  • COVID-19
  • 183 Views

کراچی میں زیادہ تر نوجوانوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، بہت کم تعداد بزرگ افراد کی ہے


کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں 143 میں سے 122 کرونا کیسز کی میپنگ کر لی، سب سے زیادہ کیسز صدر ٹاؤن میں سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی میں کرونا وائرس کے کیسز کے سلسلے میں میپنگ کر کے کہا ہے کہ سب سے زیادہ 47 کیس صدر ٹاؤن میں رپورٹ ہوئے جب کہ گلشن اقبال میں 37، ناظم آباد میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کراچی کے علاقوں گلبرگ اور جمشید ٹاؤن میں کرونا کے 9،9 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ ملیر میں 8، لیاقت آباد میں 5، نارتھ کراچی اور گڈاپ ٹاؤن میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے، لیاری میں 2 اور اورنگی ٹاؤن میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔

محکمہ صحت کی جانب سے کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تفصیل بھی جاری کی گئی، ذرایع کے مطابق کراچی میں زیادہ تر نوجوانوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، 64 متاثرہ مریضوں کی عمر 20 سے 40 کے درمیان ہے، 1 سے 10 سال تک کے 5 بچے بھی وائرس میں مبتلا ہیں، جب کہ 40 سے 50 سال کے 15 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، 50 سے 60 سال تک کے 17 لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ بہت کم تعداد بزرگ افراد کی ہے، کُل 8 بزرگ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن کی عمریں 70 سے 80 برس ہے۔

خیال رہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کرونا کی روک تھام کے حوالے سے مخصوص موبائل صارفین کی ٹریکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایسے تمام شہریوں کو پیغامات ارسال کرنا شروع کر دیا گیا ہے جو حال ہی میں کرونا سے متاثرہ ممالک سے وطن واپس پہنچے۔ اُن شہریوں کو بھی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جنھوں نے متاثرہ افراد سے رابطہ کیا۔

شہریوں کو بھیجے جانے والے ایس ایم ایس میں ان سے درخواست کی جا رہی ہے کہ بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور جسم میں درد جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری قریب ترین صحت مرکز یا ایمرجنسی سروسز (1166) سے رابطہ کریں۔