آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

  • March 24, 2020, 1:04 pm
  • COVID-19
  • 115 Views

کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن میں شامل نہ کرنا زیادتی ہے، آج شام تک 40 ٹرینوں کے ذریعے بیش تر لوگ سندھ سے نکل جائیں گے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لوگ سندھ سے پنجاب اور اپ کنٹری جا رہے ہیں، مزدوروں کو اگر گھروں تک نہیں پہنچایا تو بہت برا حال ہوگا، لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر جانا چاہتے ہیں، آج شام تک سندھ سے لوگوں کو گھروں کے لیے ٹرینوں پر روانہ کر دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ 142 ٹرینیں ہیں، 40 بند کر دی ہیں، باقی کا فیصلہ آج کریں گے، بورڈ میں فیصلہ ہوگا پھر وزیر اعظم کے پاس جاؤں گا، خود سے فیصلہ نہیں کر سکتے وفاق سے منظوری لینی ہوتی ہے، ہم نے زیادہ رش والی ٹرینیں بند کردی ہیں، وسائل کا مسئلہ ہے، ہم بکنگ کے ایک ارب روپے کیسے واپس کرتے، ریٹائرڈ افراد کو ملا کر تین لاکھ ملازمین کو تنخواہ اور پنشن دینی ہے۔


شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سب ٹرینیں بند کرنے سے متعلق وزیر اعظم سے منظوری لینا پڑے گی، تاہم لاک ڈاؤن میں ریلوے کو شامل نہ کرنا زیادتی ہے، ہم نےرش والی ٹرینیں بند کر دی ہیں لیکن لوگ ہر ٹرین پر سوار ہیں، اگر ہمیں پیشگی تمام ٹکٹ واپس کرنے پڑے تو نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے انٹرا بس سروس کی بندش کے بعد گزشتہ روز ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس پر 26 واں اجلاس ہوا جس میں کسی بھی ریلوے اسٹیشن سےمسافروں کو جانے نہ دینےکا اہم فیصلہ ہوا۔