سندھ میں لاک ڈاؤن کا پہلا دن، خلاف ورزی پر 7 افراد گرفتار

  • March 23, 2020, 12:48 pm
  • COVID-19
  • 241 Views

ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے سندھ حکومت نے گزشتہ روز صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج سے لاک ڈاون پر عمل کیا جا رہا ہے۔اسی سلسلے میں تفصیلا ت موصول ہوئی ہیں جس کے مطابق 7 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق سکھر سے ہیں۔
ان میں سے 5افراد ایک مقامی شاہراہ پر اکٹھے بیٹھے ہوئے تھے، انہیں وہاں سےگرفتار کیا گیا جبکہ باقی دو افراد کو ایک گلی میں گھومتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 دن کا لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے تحت تحت صوبے کے دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز سمیت تمام عوامی مقامات بند ہیں۔
کھلنے والی دکانوں میں صرف میڈیکل اسٹور اور اشیاء خردونوش کی دکانیں شامل ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بجلی، پانی، کیبل،ٹیلی کام اور بینکنگ سروسزجاری رہیں گی تا کہ لوگوں کو اپنی زندگیاں گزارنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بجلی اور گیس والی کمپنیوں سے مزید گزارش کی تھی کہ وہ لوگوں سے ایک مہینے کا بل وصول نہ کریں کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے بہت زیادہ لوگوں کے کاروبا ر متاثر ہوں گے، کمپنیوں کی جانب سے اس حوالےسے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے جس کے بعد ابھی تک ملک بھر میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد799 ہو گئی ہے جبکہ 6 افراد مہلک وائرس کی نظر ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جس کے بعد عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔