سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا

  • March 22, 2020, 7:01 pm
  • COVID-19
  • 159 Views

سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے بعد پولیس نے صوبے کے تمام شہروں میں دوکانیں بند کرنے کے اعلانات کروانا شروع کردیے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ میں آج شام ایک اہم اعلان کروں گا جو عوام کے حق میں ہوگا،میں عوام کی زندگی اورصحت کی خاطر ہر وہ فیصلہ کروں گا جو ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاتھا کہ حکومت بلا ضرورت کسی کو سڑک پر آنے نہیں دے گی ،ہمارے فیصلے کے بعد عوام کو محتاط ہو کر گھروں تک محدود ہونا ہوگا ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا،جس میں وزراء، ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ ودیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ میں آج شام ایک اہم اعلان کروں گا جو عوام کے حق میں ہوگا،گریڈ20 کے افسر کی سربراہی میں ایک ٹیم بنا رہے ہیں ،صنعت ،صحت، بلدیات و دیگر ادارے اپنی خدمات میں کسی کمی پر ٹیم سے رابطہ کریں گے ،ٹیم چیف سیکرٹری سے مشاورت کے بعد متعلقہ محکمے کا مسئلہ حل کرے گی ۔

انہوں نے کہا تھا کہ آئی جی اور ڈی جی رینجرز کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ 2ہزار روپے تک بجلی کے بل والےصارفین سے بجلی کا بل نہ لیا جائے اور اس بل کو اگلے 11ماہ کے بل میں چھوٹی اقساط کی صورت میں ڈالا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 5ہزار روپے ماہانہ بل والے صارفین کو بھی رلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بل ادا نہ کرپانے والے صارفین کے 2ماہ تک بجلی اور گیس کے میٹر نہیں کاٹے جائیں گے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ 2ماہ تک گیس کا بل بھی نہیں لیا جائے گا اور بعد میں آنے والے پہینوں کے بلوں میں یہ رقم شامل کردی جائے گی۔ دوسری جانب حکومت سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن کیلیے پاک فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے جس کیلئے صوبائی حکومت نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔