چین سے واپسی، شاہ محمود قریشی کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا اعلان

  • March 18, 2020, 12:36 pm
  • COVID-19
  • 193 Views

اسلام آباد :وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےچین سے واپسی پرماہرین کے مشورےپرخود کو آئیسولیشن میں رکھنےکااعلان کرتے ہوئے کہا پانچ روز بعد کرونا کاٹیسٹ کراؤں گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم کو اندازہ نہیں جو قدم اٹھائے اس کے کیا اثرات ہوئےہیں، طلبعلموں کوواپس نہ لانے پرچینی قیادت اور عوام پر اچھا اثر ہوا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین میں تمام پاکستانی طلبا خیریت سے ہیں اورصحت مند ہیں، چین میں چارپاکستانی طلبہ نے بچوں کو جنم دیا سب صحت مند ہیں، 2 پاکستانی سفارتکاروں نے طالبعلموں کی خود جاکر مدد کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج الحمد للہ ایک پاکستانی جہاز ووہان کیلئے روانہ ہورہا ہے ، طلبہ کی خواہش پرجہاز کےذریعے پاکستانی کھانا بھجوارہےہیں، چین کا مؤقف ہے کہ ہم پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کا مقابلہ کرکے اب چین پراعتماد ہے ، چین اب سوچ رہا ہے کہ اپنی معیشت کو بحال کیسے کرناہے، چین نے ہزاروں میڈیکل کٹس پاکستان کو دینے کافیصلہ کیا ہے، چین نے گرانٹ دی ہے کہ آئسولیشن اسپتال قائم کرسکیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے تجربے سے ہم نے سیکھا ہے کہ مربوط حکمت عملی اپنانی ہے، ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے، حکومتی ہدایات عوام کے فائدہ کیلئے ہے ، تنہا حکومت یا کوئی ادارہ یا میڈیکل عملہ اس وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یورپ،امریکا میں میڈیکل سہولت ہم سے زیادہ ہے ، امریکا میں 100لوگ وائرس سے مرے ،جب وہ زیر ہو رہے ہیں تو ہمیں مقابلہ کرناہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ چین پہنچے تو صدر، میرا اور اسد عمر سب کا بلڈ ٹیسٹ ہوا، میٹنگ کے بعد ہمارے دوبارہ بلڈ ٹیسٹ لئے گئے، جس کی رپورٹ آج آئے گی، ماہرین نے مجھے 5دن کیلئے آئسولیشن کا مشورہ دیا ہے جس پر عمل کروں گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گھر والوں سے الگ تھلگ ہوں،5 دن بعد کورونا ٹیسٹ کراؤں گا اور خود کو آئسولیشن میں رکھوں گا، کرونا سے بچنے کیلئے احتیاط کرنی چاہیے، مشکل وقت میں ہر پاکستانی چین کے عوام کےساتھ ہے۔