وزیراعلیٰ بلوچستان کے زیر صدارت اجلاس، کرونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کی ہدایت

  • March 17, 2020, 3:01 pm
  • COVID-19
  • 169 Views

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کرونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے، جاری اقدامات کو مزید موثر بنانے، قرنطینہ کئے گئے زائرین کے ٹیسٹ کے عمل میں اضافے اور زائرین کو فراہم کی گئی سہولتوں کی مزید بہتری کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایت انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس صوبے کے کسی ایک حلقے یا علاقے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے جس سے موثر طور پر نمٹنا بحیثیت حکومت ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت جاری کی کہ صوبائی وزرا بھی عوام سے رابطے میں رہتے ہوئے انہیں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں۔ یقیناً یہ ایک مشکل وقت ہے جس سے نکلنے کے لئے حکومت اور کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں اور بدانتظامی سے محکمہ صحت کو تباہ کیا گیا جس کی بہتری کے لئے انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ صحت کو دیئے گئے خطیر فنڈز بدعنوانی کی نظر نہ ہوتے تو آج ہمارے پاس ایسے ہسپتال موجود ہوتے جہاں کرونا وائرس اور دیگر وبائی امراض کی تشخیص اور علاج معالجہ کی بہترین سہولیات دستیاب ہوتیں۔ محکمے صحت میں مالی اور اخلاقی بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت تفتان میں تقریباً تین ہزار زائرین موجود ہیں جن میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے زائرین اور ٹریڈرز کی تعداد 413 ہے۔ پی سی ایس آئی آر لیبارٹری میں سات دن قبل آئے زائرین کی تعداد 126 جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران آئے زائرین کی تعداد 414 ہے جنہیں علیحدہ علیحدہ رہائش دی گئی ہے۔