کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کے بڑے فیصلے

  • March 17, 2020, 1:39 pm
  • COVID-19
  • 116 Views

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی نئی کٹس خریدنے اور یونین کونسل کو فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا دیہی علاقوں میں صابن خریدکرعوام میں تقسیم کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سکھر قرنطینہ مرکزکےحوالےسے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ کی سکھر لیبر کالونی میں زائرین کومکمل سہولتیں دینےکی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کالونی میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا اور لیبر کالونی سکھر کا ایک بلاک اسپتال میں منتقل کرنے اور وہاں ایم ایس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، وینٹی لیٹر و دیگر اشیاکا انتظام کرنےکی ہدایت کردی۔

اجلاس میں نئے بلاک میں قائم اسپتال کو وہاں موجود زائرین کے علاج کی سہولیت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے اسپتال کیلئے آلات خریدنے کی ہدایت دے دی۔

مراد علی شاہ نے کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی نئی کٹس خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی مریضوں کےسیمپلز کراچی بھیجتے رہیں اور تمام زائرین کی مکمل میڈیکل ہسٹری رکھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سیز کو زائرین کا پتہ شیئرکرکے ایک مہینے کا راشن پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا چیف سیکریٹری راشن پہنچانےکی ہدایت جاری کریں اور جو فنڈز چاہئیں مہیاکریں۔

مراد علی شاہ نے نئے تعمیر شدہ اسپتالوں کوایک ماہ میں فعال کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کوٹری، نوری آباد ،حیدرآباد میں سکھر ماڈل اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے خالی لیبر فلیٹس میں آئسولیشن وارڈز بنانے کی ہدایت کردی اور کہا خوشی ہے اب عوام نے تعاون کرنا شروع کیا ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے یونین کونسل کو فنڈز جاری کرنے ، دیہی علاقوں میں صابن خریدکرعوام میں تقسیم کرنے اور صابن کمپنیوں سے سبسڈی پر10 لاکھ صابن خریدنےکافیصلہ کرتے ہوئے کہا ڈی سیزعوام کواحتیاطی تدابیرکے حوالے سے آگاہ کرتے رہیں۔