ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی

  • March 6, 2020, 11:03 am
  • Breaking News
  • 444 Views

چاغی: ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ وطن واپس آنے والے زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایران سے لوٹنے والے زائرین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے، تمام زائرین کو سرحد پار کرتے ہی قرنطینہ (الگ تھلگ مقام) میں رکھا جا رہا ہے۔

سرحدی حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 2 سو سے زائد زائرین پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔ دوسری طرف سرحد کی بندش کے باعث سیکڑوں مال بردار گاڑیاں بھی کھڑی ہیں۔


خیال رہے کہ ایران میں نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 108 ہو چکی ہے، اور اب تک 3513 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان میں چھٹے کرونا کیس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے، مذکورہ مریض 25 فروری کو تہران سے بذریعہ جہاز کراچی واپس پہنچا تھا۔

کراچی میں یہ تیسرا کرونا وائرس کیس ہے، جب کہ ملک بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 ہو چکی ہے، ان میں سے 2 اسلام آباد میں سامنے آئے تھے اور ایک مریض کا تعلق گلگت سے ہے، یہ تمام مریض ایران سے پاکستان لوٹے۔ ایران میں پھیلتی وبا کے پیش نظر پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کر رکھی ہے۔