تحریک انصاف ہر شخص کا بائیکاٹ کرے گی جو عورتوں کی عزت نہیں کرتا

  • March 5, 2020, 1:19 pm
  • National News
  • 189 Views

تحریک انصاف ہر شخص کا بائیکاٹ کرے گی جو عورتوں کی عزت نہیں کرتا۔ ماروی سِرِمد کے ساتھ بدسلوکی، بد تمیزی اور زن بیزار رویہ اپنانے پر مذمت کے ساتھ ساتھ خلیل الرحمان قمر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خاتون رہنما اور رکن اسمبلی ملیکا بخاری نے خلیل الرحمان قمر کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ملیکا بخاری کا ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی اختلافات سے قطع نظر ہر اس شخص کا بائیکاٹ کرے گی جو عورتوں کی عزت کرنا نہیں جانتا۔ اپنے ٹوئیٹ میں ان کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمان قمر کے عورت مخالف رویے کی مذمت کی گئی ہے۔
انہوں نے خاتون ماروی سرمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر خلیل الرحمان قمر کے خلاف سخت کارروائی کے فیصلے سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔

رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمان قمر اپنی جنس اور پیشے کے لیے بدنامی کا باعث ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کل نجی ٹی وی چینل ایک لائیو شو میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اور تجزہ کار ماروی سرمد کے درمیان تو تکار ہوئی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر کافی شور و غل ہے۔ خلیل الرحمان قمر نے میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگانے پر ماروی سرمد سے کہا تھا کہ اپنا جسم دیکھو جا کے، تھوکتا نہیں ہے کوئی آپ کے جسم پر، تیرے جسم میں ہے کیا، اس پر مرضی چلاتا کون ہے؟ بے حیا عورت کے جسم پر کوئی تھوکتا بھی نہیں ہے، گھٹیا عورت۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے شو میں خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد بطور مہمان گفتگو کا حصہ تھے جس میں عدالت کی جانب سے خواتین مارچ کی اجازت سے متعلق بات چیت جاری تھی۔ جے یو آئی ف کے رہنما اور سینیٹر مولانا فیض محمد بھی بطور مہمان اس گفتگو کا حصہ تھے۔ دوران گفتگو تلخ کلامی کا سلسلہ اس وقت جاری ہوا جب مصنف خلیل الرحمان قمر اپنی بات مکمل کر رہے تھے کہ ماروی سرمد نے ان کی بات کاٹ کر ’’میرا جسم میری مرضی‘‘ کا اپنا مخصوص نعرہ لگایا جس پر خلیل الرحمان قمر آپے سے باہر ہو گئے اور خاتون تجزیہ کار پر لفظوں کی فوج کشی کر دی۔
خلیل الرحمان قمر نے انتہائی سخت لہجہ اپناتے ہوئے میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگانے پر ماروی سرمد کو گھٹیا اور بے حیا عورت قرار دے دیا۔ خلیل الرحمان قمر نے ماروی سرمد کو الو کی پٹھی، بدتمیز اور گھٹیا عورت کہا۔ خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ امریکہ میں تحقیق کر رہی ہے، بے حیائی کی تحقیق کر رہی ہے؟ تیری ایسی کی تیسی، تیرا جسم ہے کیا؟ کوئی تھوکتا تک نہیں اس پر، شکل دیکھ جا کر اپنی۔
خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کو لے کر سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہے، اور اس وقت یہ موضوع ٹوئیٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر جہاں خلیل الرحمان قمر کے نامناسب رویے پر تنقید ہو رہی ہے وہاں ان کے حمایتی بھی سرگرم عمل ہیں اور ان کے اس اقدام پر خوب داد دے رہے ہیں۔