پی ایس ایل 5،سیمی کا’’آرام‘‘دیئے جانے پرڈھکے چھپے الفاظ میں شکوہ

  • March 3, 2020, 2:09 pm
  • National News
  • 370 Views

سابق پی ایس ایل چیمپئن پشاور زلمی نے کراچی کنگز سے میچ میں کپتان ڈیرن سیمی کو ہی ’’آرام‘‘ دے دیا، ویسٹ انڈین کرکٹر نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ڈھکے چھپے الفاظ میں شکوہ بھی کردیا۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں ٹیم کی قیادت وہاب ریاض نے کی، پاکستانیوں میں بے پناہ مقبول آل راؤنڈر کومیدان میں نہ اترنے کے فیصلے پر شائقین کو مایوسی بھی ہوئی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی کے پرستاروں کی بڑی تعداد خیبر پختونخوا سے بسوں میں سوار ہوکر راولپنڈی پہنچی تھی لیکن ڈیرن سیمی کو ایکشن میں نہیں دیکھ پائی،کچھ صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ڈیرن سیمی رواں پی ایس ایل کے دوران کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے ان کی ٹیم کی مجموعی کارکردگی بھی متاثر ہوئی ہے اس لیے ممکنہ طور پر اسی وجہ سے انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈیرن سیمی نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر معنی خیز جملہ لکھا کہ ’’میں نے سیکھا کہ آپ اس وقت تک ہی اہم ہوتے ہیں جب تک اپنا کردار ادا کرلیں‘‘۔

یاد رہے کہ پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا تھا کہ ڈیرن سیمی کو ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ واپس لانے میں اہم کردار ادا کرنے پر23 مارچ کو اعزازی شہریت دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ کے نوازا جائے گا۔