کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

  • February 28, 2020, 11:52 am
  • World News
  • 289 Views

تہران: جان لیوا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران نے بڑے شہروں میں آج نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا، ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے محکمہ صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بڑے شہروں میں آج ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا جائے۔

محکمہ صحت نے یہ ہدایت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کی ہے، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مزید ہدایات موصول ہونے تک دیگر تمام نوعیت کے عوامی اجتماعات کو بھی منسوخ کردیا جائے۔

ترجمان محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں نئی 15 میڈیکل لیبارٹریز ایک ہفتے کے اندر فعال کردی جائیں گی جہاں سے کرونا وائرس کی تشخیص ہوسکے گی۔

ایران میں اب تک 245 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 7 حکومتی افراد بھی شامل ہیں، جبکہ 1 ہزار کے قریب مشتبہ کیسز موجود ہیں۔

کرونا وائرس کا شکار ہونے والے حکام میں ایران کی نائب صدر برائے امور خواتین، نائب وزیر صحت اور تہران کے ضلعی میئر بھی شامل ہیں۔ یہ کرونا وائرس سے متاثر کسی ملک کے حکام کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض قم شہر میں موجود ہیں، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قم میں کرونا کے 49 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرنے کا نہیں عالمی اقدامات کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن سکتی ہے، ہم اس وقت نازک صورتحال سے دو چار ہیں، متاثرہ ممالک کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔