ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے چین کی ’ڈک آرمی‘ پاکستان آئے گی

  • February 28, 2020, 11:52 am
  • National News
  • 243 Views

بیجنگ: چین نے ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو لاکھوں بطخوں کا تحفہ دینے کا فیصلہ کرلیا جسے ’ڈک آرمی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے سنکیانگ میں بطخوں کی مدد سے ٹڈیوں کے خاتمے کے تجربانی منصوبے کا آغاز آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق چین نے ٹڈیوں سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زرعی ماہرین کہتے ہیں کہ ٹڈی بطخ کی پسندیدہ خوراک ہے اور ایک بطخ روزانہ دوسو سے زیادہ ٹڈیاں کھاتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بطخوں کے ذریعے ٹڈیوں کا خاتمہ ادویات سے زیادہ مؤثر ثابت ہوگا۔

یادر ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں آنے والے ٹڈی دل کے جھنڈ نے جنوبی ایشیا، عرب ممالک سمیت مشرقی افریقہ میں تباہی مچائی۔ پاکستان نے رواں ماہ کے آغاز پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا اور اسے دو دہائیوں میں بدترین حملہ قرار دیا تھا۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دے دی۔

ژے جینانگ زرعی اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے محقق لولزہی کا کہنا ہے کہ ’ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بطخیں حیاتیاتی ہتھیار ہیں، مرغیاں دن میں 70 ٹڈیاں کھاتی ہیں جبکہ بطخوں کی خوراک اُن سے تین گنا زیادہ ہے۔لولزہی کا کہنا تھا کہ بطخیں ایک ساتھ رہنے کو پسند کرتی ہیں تو انہیں سنبھالنا بھی بہت آسان ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چین کے صوبے سنکیانگ میں بطخوں کی مدد سے ٹڈیوں کے خاتمے کے تجرباتی منصوبے کا آغاز جلد کیا جائے گا، بعد ازاں بطخوں کو پاکستان کے اُن علاقوں میں بھیجا جائے گا جو ٹڈی دل کے حملوں سے متاثر ہوئے۔


یاد رہے کہ سنہ 2000 میں چین نے زیہجیانگ نامی صوبے سے سنکیانگ میں 30 ہزار بطخیں بھیجی تھیں جنہوں نے چند روز میں ہی ٹڈی دل سے علاقے کو کلیئر کروایا تھا۔