پاکستان میں‌ داخل ہونے کی کوشش ناکام، 17 بھارتی ماہی گیر گرفتار

  • February 17, 2020, 11:05 am
  • National News
  • 192 Views

کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ملکی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 17 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔

میری ٹائم سیکیورٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی ماہی گیروں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی۔

بھارتی ماہی گیروں نے رواں ہفتہ میں دوسری بار پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی۔ ترجمان میری ٹائم ایجنسی کے مطابق سمندری حدود کی خلاف ورزی پر 17 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اُن کی تین کشتیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

میری ٹائم ایجنسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ماہی گیروں نے دس ناٹیکل میل پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے فوری اقدامات کرتے ہوئے ناکام بنادیا گیا۔

ترجمان کے مطابق مشرقی زون میں تعینات پی ایم ایس اے موجود اور چوکس ہے، جس کی وجہ سے بھارت غلط فلیگ آپریشن جیسی کارروائی میں کامیاب نہیں ہو پارہا۔

پی ایم ایس اے کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد بظاہر ماہی گیر لگتے ہیں البتہ اُن سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ میری ٹائم ایجنسی کے مطابق بھارت ہمیشہ جھوٹی کاروائیوں کے دعوے کرتا ہے البتہ پی ایم ایس اے انہیں ناکام بنانے کے لئے ہردم چوکس ہے۔