فری لانسنگ میں پاکستان نے بھارت اور چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

  • February 13, 2020, 1:39 pm
  • Science & Technology News
  • 215 Views

فری لانسرز کے لئے بڑی خوشخبری ‘ سٹیٹ بینک نے معیشت کی ترقی کی جانب بڑا قدم لیتے ہوئے فری لانسرز کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ معیشت کی زبوں حالی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے فری لانسنگ کرنے والوں کو ماہانہ 25 ہزار ڈالر منگوانے کی اجازت دے دی ۔ سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رقم کی حد بڑھانے کا مقصد روزگار کے مواقعے فراہم کرنا ہے۔
یہ بات بھی قابل غور رہے کہ اس سے قبل فری لانسنگ کی مد میں 5 ہزار ڈالر ملک میں لانے کی اجازت تھی۔پاکستان میں فری لانسنگ انڈسٹری تیزی سے ترقی رہی ہے ۔ گزشتہ سال کی نسبت فری لانسنگ میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عالمی ای پے منٹ کمپنی پے یونیر کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان نے بھارت اور چین کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھے درجے پر جگہ بنا لی ہے۔
پہلے پر امریکہ، دوسرے پر برطانیہ، برازیل تیسرے جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 2019-20ء کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 13.302 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2018-19ء کے دوران ترسیلات زر کا حجم 12.774 ارب ڈالر تھا ۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران ترسیلات زر کی وصولی میں 528 ملین ڈالر یعنی 4.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے کی گئی ترسیلات زر میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ رقوم بھیجی گئی ہیں جو مجموعی ترسیلات زر کے 23 فیصد کے مساوی ہیں اور رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.051 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سعودی عرب 2.97 ارب ڈالر کی ترسیلات کی گئی تھیں۔