نوجوانوں سے کہتا ہوں تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، وزیراعظم

  • February 13, 2020, 11:07 am
  • National News
  • 241 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، ایسی نوکری کا مطلب اپنی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹارٹ اپ کامطلب میرے پاس آئیڈیا آیا اور اس پر کام کیا، دنیامیں بڑے بڑے کام اسٹارٹ اپ کے باعث ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو بھی کام ہوا پہلے آئیڈیا لیاگیا پھر کام کیاگیا، جس شخص کے پاس آئیڈیا آتا ہے وہ کشتیاں جلا کر جاتا ہے، ایک جگہ توجہ دے کر اور ہار نہ مان کر کام کیا جائے تو وہ کامیاب ہوتا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بہت لوگ آتے ہیں سرکاری نوکری دے دیں، پوچھتاہوں کیوں سرکاری نوکری چاہیے، کہتے ہیں فکس تنخواہ ملےگی اور پنشن ملےگی، تنخواہ اور پنشن والی نوکری کا مطلب اپنی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا کے کامیاب ترین انسان حضورﷺ تھے، کامیاب انسان ایک مشکل وقت سےگزر کر کامیاب ہوتا ہے، جس دن زندگی میں جدوجہدختم ہوتی ہے زندگی نیچے چلی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ کا مقصدآئیڈیاز کے پیچھے جانا ہے، آئیڈیاز کے پیچھے جائیں گے تو معاشرہ بھی آپ کی مدد کرے گا، خوف کی وجہ سے انسان اپنی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کر پاتا، جولوگ ناکامی سے ڈرتے ہیں وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یوتھ ہے، اللہ نے بڑے اثاثوں سے نوازا ہے، ہمیں اللہ نے بہت کچھ دیا ہے، کسی چیز کی کمی نہیں رکھی، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی طرف جا رہی ہے، ہم نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے، یقین دلاتا ہوں حکومت نوجوانوں کی بھرپورحوصلہ افزائی کرے گی۔