بلوچستان سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر دریافت

  • February 11, 2020, 11:35 am
  • National News
  • 178 Views

اسلام آباد( آن لائن)بلوچستان سے ہائیڈروکاربن دریافت ہونے کے بعد گیس کے سب سے بڑے ذخائر ملنے کاامکان پیدا ہوگیاہے ۔سرکاری کمپنی کے مطابق ان ذخائر سے ایک سو ارب مکعب فٹ تک گیس مل سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سرکاری کمپنی پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے زیر ملکیت بلوچستان میں مارگینڈ بلاک سے دس کھرب مکعب فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہونے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق مارگینڈ ایکس ون میں 30 جون 2019 کو کھدائی کا آغاز کیا گیا تھا اور 4،500 میٹر کی گہرائی میں ماڈیولر ڈائنامکس ٹیسٹنگ (ایم ڈی ٹی) سے ہائیڈروکاربن کی موجودگی کے شواہد ملے۔

کنویں کے ڈرل اسٹیم ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ ایک دن کی پیداوار 10.7 ملین مکعب فٹ گیس اور 132 بیرل مائع ہو سکتی ہے تاہم گیس کے ذخائر سے متعلق حتمی اعدادوشمار کنویں کی کھدائی مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکیں گے۔

اس حوالے سے کمپنی نے جو بیان جاری کیا ہے اس میں کہاگیا ہے کہ ابتدائی تخمینے سے پتہ چلتا ہے کہ اس بلاک میں ایک کھرب مکعب فٹ تک گیس کے ذخائرموجود ہیں تاہم مزید کنویں کھودنے سے اس اندازے کی تائید ہو گی۔

گزشتہ15 سال میں دریافت ہونے والے یہ گیس کے سب سے بڑے ذخائر ہیں۔ اس سے ایل این جی کم درآمد کرنی پڑے گی اور ملک کو 900 ملین ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے۔پاکستان میں گھریلو گیس کی پیداوار سال2000 سے چار بلین مکعب فٹ یومیہ پر برقرار ہے جب کہ اس کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہوا اور ذخائر میں ہر سال سات فیصد کے حساب سے کمی آ رہی ہے۔

ملک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاکستان گیس درآمد بھی کرتاہے۔ حکومت ملک میں پیدا ہونے والی گیس کی لاگت میں 100 فیصد اضافے کے ساتھ عوام کو فروخت کر رہی ہے۔