پاکستان کیلیے کھیلنا چھوڑ دوں گا، عالمی اسنوکر چیمپئن

  • February 11, 2020, 11:27 am
  • Sports News
  • 140 Views

فیصل آباد:عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف نے دلبراشتہ ہو کر اسنوکر چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔

ایک بیان میں محمد آصف نے کہا کہ اگر معاملات بہتر نہ ہوئے اور یہی رویہ روا رکھا گیا تو پاکستان کے لیے اسنوکر کھیلنا چھوڑ دوں گا، ہو سکتا ہے کہ اسنوکر سے کنارہ کشی ہی اختیار کر لوں۔

عالمی چیمپئن نے کہا کہ لوگوں کے سوالوں کے جوابات دیتے دیتے تھک گیا ہوں، ابھی صرف احتجاج کر رہا ہوں اور ہو سکتا ہے مستعفی ہو جاؤں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی انتہائی فیصلہ کرنے سے قبل اہل خانہ سے مشاورت کرؤں گا اور ان کے مشورے سے ہی کوئی اقدام اٹھاؤں گا۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ کوئی بڑا فیصلہ کرنے ہی پڑے گا کیونکہ مایوسی کے بادل برقرار ہیں، اگر یہی رویہ رہا تو مجھے فیصلہ لینے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ترکی کے شہر انتالیہ میں کھیلے گئے ایونٹ میں کیوسٹ محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔
بعدازاں انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سے تو محبت ملی ہے پر حکومتی حوصلہ افزائی نہیں ملتی، حکومت سے یہی کہتے ہیں ہمیں سپورٹ کریں۔