نیزہ بازی اور گھڑ سواری کے چیمپئن ملک عطا محمد خان انتقال کرگئے

  • February 7, 2020, 10:42 am
  • National News
  • 176 Views

نیزہ بازی اور گھڑ سواری کے چیمپئن ملک عطا محمد خان انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیزہ بازی اور گھڑ سواری کے چیمپئن ملک عطا محمد خان 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ملک عطا نے دنیا بھر میں نیزہ بازی میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ملک عطا سیاست دان اور اداکار بھی تھے، انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کی اور قومی پرچم کو ہر میدان میں بلند کیا۔نیزہ بازی اور گھڑ سواری میں مہارت کی وجہ سے انہوں نے ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا۔

پرنس کے نام سے مشہور ملک عطا نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان کے قریبی رشتے دار اور اٹک میں بڑے زمیندار تھے۔ملک عطا نے کھیل کے میدان کے ساتھ ڈرامہ انڈسٹری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، انہوں نے ڈرامہ سیریل ’الفا براوو چارلی‘ سمیت کئی ڈراموں میں بھی کام کیا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرنس ملک عطا محمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرنس ملک عطا محمد خان آف اٹک کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک صاحب ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے، عطا محمد نے گھڑ سواری، نیزہ بازی سمیت دیگر قومی روایات کو زندہ رکھا،وزیر خارجہ نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اورلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔